این ڈی یو میں پاک برطانیہ علاقائی استحکام کانفرنس کا انعقاد

image

نیشنل ڈیفینس یونورسٹی میں پاک برطانیہ علاقائی استحکام کانفرنس کا انعقاد ہوا، کانفرنس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال۔

راولپنڈی: (قومی ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاک برطانیہ علاقائی استحکام پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کلیدی خطاب کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر پیٹرک سینٹدرز مقررین میں شامل تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نامزد برطانوی چیف آف جنرل سٹاف رولنڈ والکر بھی کانفرنس میں موجود تھے، اس کے علاوہ کانفرنس میں ماہرین، دفاعی حکام، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے برطانیہ کے موجودہ اور نامزد چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ فوجی تعلقات کو بڑھانے میں جنرل پیٹرک سینڈرز کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک برطانیہ سٹیبلائزیشن کانفرنس دونوں ممالک کے مابین اہم دفاعی ڈائیلاگ ہے، کانفرنس کیلئے برطانیہ کا 30 رکنی وفد 29 اپریل سے 3 مئی تک پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔  برطانوی وفد کی قیادت سٹینڈنگ جوائنٹ فورس کمانڈر میجر جنرل ٹام بیٹ مین کررہے ہیں، کانفرنس میں عالمی، علاقائی امور سمیت قومی سلامتی، اور امن واستحکام پر بات چیت ہوگی۔