سندھ میں امن و امان کے حوالے سے اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب

image

سندھ میں امن و امان کے حوالے سے اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب، اجلاس میں اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے، ایپکس کمیٹی اجلاس میں  اہم منظوریاں بھی دے گی۔

کراچی: (قومی ڈیسک) سندھ میں امن و امان کے حوالے سے اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا، جس میں اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں سندھ میں امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، خصوصی اجلاس میں کراچی میں سٹریٹ کرائم کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔

سندھ میں امن و امان کے حوالے سے آج ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بڑے فیصلے متوقع ہیں، ایپکس کمیٹی آج اہم منظوریاں بھی دے گی، اہم فیصلوں کے بعد وفاقی و صوبائی ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کریں گے، ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے سندھ حکومت اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لے گی، پراسیکیوشن، انویسٹی گیشن کیلئے قوانین میں ترامیم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ صدر آصف زرداری کی زیر صدارت کراچی سمیت سندھ میں امن و امان پر ہونے والی بیٹھک میں سندھ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کرائم کی وارداتوں میں کمی ہوئی، 2014ء میں شہر قائد عالمی کرائم انڈیکس میں چھٹے نمبر پر تھا، جو 2024ء میں 82 ویں نمبر پر آ گیا، شکاگو، امریکا، نئی دہلی میں کرائم انڈیکس کراچی سے زیادہ ہے۔