پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے گاڑیوں کی قیمتوں میں اچانک کمی کر دی

image

قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کمپنی نے مجاز ڈیلرز کو خط لکھ دیئے، مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں 85 ہزار روپے سے 7 لاکھ 10 ہزار روپے تک کمی، گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق یکم مئی سے ہو گا۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے سوئفٹ کار کے مختلف ماڈلز کی قیمت میں اچانک کمی کر دی ہے۔ اس حوالے سے کمپنی نے مجاز ڈیلرز کو خط لکھ دیئے ہیں۔ مجاز ڈیلرز کو لکھے گئے خط میں قیمتوں میں کمی کی کوئی وجوہات بیان نہیں کی گیئں۔ 

سوزوکی سوئفٹ نے مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں 85 ہزار روپے سے 7 لاکھ 10 ہزار روپے تک کی کمی کی ہے۔ سوزوکی سوئفٹ جی ایل ایم ٹی 85 ہزار روپے کمی کے بعد 43 لاکھ 36 ہزار روپے میں دستیاب ہو گی۔ اسی طرح سوئفٹ جی ایل سی وی ٹی ماڈل کی قیمت ایک لاکھ 59 ہزار روپے کم کر دی گئی ہے جو اب 45 لاکھ 60 ہزار روپے میں دستیاب ہو گی۔ 

گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق یکم مئی سے ہو گا۔ سوزوکی سوئفٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی کی قیمت 7 لاکھ 10 ہزار روپے کی کمی کے بعد 47 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2 مارچ کو روپے کی قدر میں بہتری کے باوجود پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے کاروں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 65 ہزار روپے سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے تک کا اضافہ کرکے صارفین کو ششدر کر دیا تھا۔