پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج آزادی صحافت کا دن منایا جارہا ہے

image

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج آزادی صحافت کا دن منایا جارہا ہے، اقوام متحدہ کی جانب سے 3 مئی کو آزادی صحافت کا دن منایا جاتا ہے، صدر اور وزیر اعظم نے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج آزادی صحافت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، صدر اور وزیر اعظم نے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ یہ دن پاکستان میں آزادی صحافت پر سوالیہ نشان ہے، پاکستان میں آمریت ہو یا جمہوریت، آزادی صحافت ہر دور میں خواب ہی رہی ہے، گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران صحافی 170 کے قریب فرض کی ادائیگی کے دوران مختلف واقعات میں جان سے چلے گئے ہیں۔ 

پاکستان میں دباؤ دھونس اور دھمکیاں جھیلتے صحافی ہر لمحہ جان لیوا خطرات میں ہی گھرے نہیں رہتے ہیں، بلکہ اکثر مار بھی دیئے جاتے ہیں، ان ہی وجوہات کی بنا پر پاکستان صحافت کیلئے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ دوسری جانب صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے دنیا بھر میں سچائی کی جنگ لڑنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ آزاد پریس عالمی اہمیت کے مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ جعلی خبریں اور توہمات دور کرنے کیلئے ناگزیر ہے، موسمیاتی تبدیلی، گرین ٹیکنالوجی اور گلوبل وارمنگ سمیت عالمی مسائل بارے آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جبر سے لڑنا اور سچائی کو سامنے لانا ہی آزادی صحافت کے عالمی دن کا پیغام ہے۔