خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی پلس شروع کرنے کا فیصلہ

image

خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی پلس شروع کرنے کا فیصلہ، صوبہ بھر میں 5 سال کے دوران ایک ارب سے زائد درخت لگائے جائیں گے، بلین ٹری سونامی پلس سے صوبے کے جنگلاتی رقبے میں اضافہ ہوگا۔

پشاور: (قومی ڈیسک) خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی پلس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، صوبہ بھرمیں 5 سالوں کے دوران مزید ایک ارب سے زائد درخت لگائے جائیں گے۔ بلین ٹری سونامی، 10 بلین ٹری سونامی کے بعد اب بلین ٹری سونامی پلس کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے، خیبر پختونخوا ایکو ٹورازم کا سکوپ بڑھانے پر بھی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ضم شدہ اضلاع میں بھی مزید شجرکاری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے مطابق اس اقدام سے خیبرپختونخوا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات میں بھی نمایاں کمی آسکے گی۔ جبکہ نجی نرسریوں سے بھی پودوں کا حصول شجرکاری مہمات کا حصہ ہونگے۔

ترجمان محکمہ جنگلات کے مطابق اس حوالے سے سرکاری نرسریوں میں پودے کاشت کرنےکے لئے فارسٹ ڈویژن کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ، بلین ٹری سونامی پلس سے صوبے کے جنگلاتی رقبے میں اضافہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق 10 بلین ٹری منصوبہ 19 ارب روپے میں مکمل کیا گیا تھا۔