مردوں کے مقابلے خواتین زیادہ بیماریوں میں مبتلا رہتی ہیں: تحقیق

image

گلوبل جینڈر ہیلتھ گیپ کے حوالے سے تحقیق، مردوں کی اوسط عمر خواتین سے کم، اسلئے وہ بیماریوں کا سامنا بھی کم وقت تک کرتے ہیں۔

نیویارک: (ویب ڈیسک) گلوبل جینڈر ہیلتھ گیپ کے حوالے سے کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مردوں کے مقابلے خواتین زیادہ بیماریوں کا شکار رہتی ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ خواتین مردوں کے مقابلے زیادہ عمر پاتی ہیں، اس لیے انھیں بیماریوں کا سامنا بھی طویل عرصے کرنا پڑتا ہے اور وہ علیل زندگی گزارنے پر مجبور ہوتی ہیں۔

ماہرین نے دنیا کے 20 مختلف ممالک، شہروں، خطوں اور علاقوں میں خواتین اور مردوں کو ہونے والی بیماریوں اور ان بیماریوں میں مبتلا رہنے کے دورانیے پر تحقیق کی۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ مرد حضرات عام طور پر جان لیوا بیماریوں کا شکار ہو کر مر جاتے ہیں، جبکہ خواتین طویل عرصے تک رہنے والی عمومی بیماریوں کا شکار ہوتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق خواتین جسمانی اور نفسیاتی بیماریوں کا شکار زیادہ ہوتی ہیں، جن میں ڈپریشن، درد اور معذوری جیسی بیماریاں شامل ہیں۔ دوسری جانب مرد امراض قلب، فالج اور دیگر جان لیوا بیماریوں سمیت خطرناک روڈ حادثات کا شکار ہو کر مر جاتے ہیں۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مردوں کی اوسط عمر خواتین سے کم ہوتی ہے، اسلئے وہ بیماریوں کا سامنا بھی کم وقت تک کرتے ہیں۔