غزہ میں اسرائیلی فوج کی خون ریز کارروائیاں جاری

image

غزہ میں اسرائیلی فوج کی خون ریز کارروائیاں جاری، طولکرم میں مزید 5 فلسطینی شہید کر دئیے گئے، غزہ کی پٹی میں مجموعی طور پر 34654 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

غزہ: (بین الاقوامی ڈیسک) اسرائیلی فوج کی خون ریز کارروائیاں جاری ہیں، طولکرم میں مزید 5 فلسطینی شہید کردئیے گئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے قریب ایک قصبے میں رات کو  کارروائی کے دوران 5 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ وزارت صحت نے کہا کہ صہیونی فوج نے دیرالغصون میں چھاپے کے دوران ہلاک ہونے والوں کی شناخت کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جاں بحق ہونے والوں میں سے کچھ کی لاشیں اپنے قبضے میں لے لیں۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کارروائی میں پولیس کے خصوصی یونٹ کا ایک رکن زخمی ہوا اور اسے ہسپتال لے جایا گیا، طولکرم میں اسرائیلی فوج کی حالیہ کارروائی مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان ان جھڑپوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جو دو سال سے جاری ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں اسرائیلی فوج اور آباد کاروں نے کم از کم 460 فلسطینیوں کو قتل کردیا ہے، سات اکتوبر سے اسرائیلی کی بربریت میں غزہ کی پٹی میں مجموعی طور پر 34654 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، غزہ کی پٹی میں مرنے والوں میں 10 ہزار سے زیادہ خواتین شامل ہیں۔