پلاسٹک کی بوتلوں کو باریک ہیروں میں بدلنے کا طریقہ دریافت

image

پلاسٹک سے ہیرا بنانے کے عمل سے کچرے کی روک تھام میں مدد ملے گی، محققین کی نظامِ شمسی کے سیارے یورینس اور نیپچون میں ہونے والی ہیروں کی بارش کے عمل کی نقل تیار کرنے کی کوشش، پی ای ٹی پلاسٹک میں کاربن، ہائیڈروجن اور آکسیجن کا کامل توازن موجود ہوتا ہے۔

کیلیفورنیا: تفصیلات کے مطابق امریکی سائنس دانوں نے پلاسٹک کی بوتلوں سے ہیرا بنانے کا طریقہ دریافت کرلیا ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اب پلاسٹک کے کچرے کو باریک ہیروں میں تبدیل کیا جائے گا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے  کہ اس عمل سے کچرے کی روک تھام میں مدد مل سکے گی۔

ذرائع کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ایس ایل سی اے نیشنل ایکسیلیریٹر لیبارٹری میں محققین نظامِ شمسی کے سیارے یورینس اور نیپچون میں ہونے والی ہیروں کی بارش کے عمل کی نقل تیار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ نقل تیار کرنے کیلئے سائنس دانوں نے پولی تھیلین ٹیریفتھلیٹ پلاسٹک پر ایک بہت ہی طاقتور لیزر سے شعاع ڈالی اس عمل سے انھوں نے ہیرے کی طرح کا ڈھانچہ بنتے ہوئے دیکھا۔ یہ ایک ہائیڈرو کاربن مواد ہے جو عام طور پر واحد استعمال کی پیکیجنگ میں استعمال ہوتا ہے۔

یونیورسٹی آف روسٹاک کے ماہر طبیعیات اور پروفیسر ڈومینک کراس کے مطابق پی ای ٹی پلاسٹک میں کاربن، ہائیڈروجن اور آکسیجن کا کامل توازن موجود ہے۔ چونکہ ان برف کے گولوں کا درجہ حرارت زمین کے ماحول سے بہت کم ہے اور دباؤ لاکھوں گنا زیادہ ہے۔ یہ عوامل ہائیڈرو کاربن کے مرکبات کو توڑ دیتے ہیں اور پھر شدید دباؤ کے باعث کاربن ہیروں میں بدل جاتی ہے۔ جس سے بعد میں ہیروں کی بارش ہوتی ہے۔