اسمگلنگ روکنے کیلئے مصنوعی ذہانت کی حامل نئی ٹیکنالوجی متعارف

image

نئی ٹیکنالوجی سو فیصد سراغ لگانے کی حامل، لرننگ مشین دھماکہ خیز مواد سمیت دیگر خطرناک اشیاء کی نشاندہی بھی کر سکتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے اشیاء کی نقل و حمل پہ گہری نظر رکھی جا سکے گی۔

لندن: یونیورسٹی کالج آف لندن کے ماہرین نے ایکسرے کے ساتھ مصنوعی ذہانت کا ایک ایسا طریقہ کار وضع کیا ہے جس سے پوشیدہ اشیاء پر چیک اینڈ بیلنس رکھا جا سکے گا۔ اس پراجیکٹ پر کام کرنے والے ماہرین نے ایکسرے کی پیمائشی تکنیک کو مصنوعی ذہانت کی لرننگ مشین کے ساتھ ملایا ہے۔ لرننگ مشین میں غیر قانونی اور خطرناک اشیاء کا ڈیٹا پہلے سے محفوظ کیا گیا تھا۔

آزمائشی بنیادوں پر ایک روایتی ایکسرے اسکینر سے سامان کو گزارا گیا۔ سامان میں محفوظ چیزوں کے ساتھ دھماکہ خیز مواد کو بھی گزارا گیا۔ لرننگ مشین نے محفوظ شدہ ڈیٹا کے ساتھ موازنہ کرکے فوراً دھماکہ خیز مواد کی نشاندہی کر دی۔ ماہرین کے مطابق غیر قانونی، خطرناک اور جنگلی حیات کی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں انقلاب برپا کر دے گی۔

تحقیقی ٹیم کے سربراہ اور یونیورسٹی کالج آف لندن کے پروفیسر سینڈرو اولیوو نے کہا ہے کہ یہ مشین چیزوں کو سطح سے لے کر اندر تک پرکھتی ہے۔ محفوظ شدہ ڈیٹا کے ساتھ تجزیہ کرنے کے بعد یہ معلوم ہوا کہ اب تک کی آزمائشوں میں اس جدید طریقہ کار کی صلاحیت سو فیصد ہے۔ ایکسرے اور لرننگ مشین کو مزید نئے فیچرز کے ساتھ جلد مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا۔