انگلش کپتان پاکستان میں مکمل سیریز کھیلنے سے قاصر

image

جوز بٹلر انجری کا شکار، ورلڈ ٹی ٹونٹی سے قبل مکمل فٹنس کیلئے آرام کروایا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان سات ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 20 ستمبر سے کھیلی جائے گی۔

کراچی: تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی 2022ء سے قبل 7 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ 17 سالہ طویل انتظار کے بعد انگلش کرکٹ ٹیم کل پاکستان پہنچ گئی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم بابراعظم کی قیادت میں جبکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم جوز بٹلر کی کپتانی میں کھیلے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر پنڈلی کی انجری کا شکار ہیں۔ انجری کے باعث وہ پاکستان کیساتھ مکمل سیریز نہیں کھیل پائیں گے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم کے کپتان کو پنڈلی میں تکلیف کا سامنا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق تکلیف اتنی شدید نہیں ہے، تاہم جلد بازی سے تکلیف بڑھ بھی سکتی ہے۔ جوز بٹلر ورلڈ کپ سے قبل کچھ میچوں یا مکمل سیریز میں آرام کرنے سے متعلق غور کر رہے ہیں۔ تاکہ ورلڈ کپ سے قبل انجری سے چھٹکارا پایا جا سکے۔