انگلش ٹیم کو صدر مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم

image

انگلش ٹیم کی 17 سال کے بعد پاکستان آمد، مہمان ٹیم کو ایئرپورٹ سے ہوٹل لانے اور ہوٹل سے اسٹیڈیم آنے جانے کیلئے سخت ترین حفاظتی انتظامات، پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے یہاں کے شائقین کو انٹرنیشنل میچز دیکھنے کا موقع ملنا چاہیے۔

کراچی: تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم کو پاکستان آمد پر  صدر مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ مہمان ٹیم کے سفر کیلئے بلٹ پروف بسیں پہلے ہی لاہور پہنچا دی گئی تھیں۔ مہمان ٹیم کو ایئرپورٹ سے ہوٹل لانے اور ہوٹل سے اسٹیڈیم آنے جانے کیلئے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ٹیم کے روٹ پر اطراف کی چھتوں پر اسنائپرز نے اپنے مورچے سنبھالے رکھے، مشین گنز اٹھائے گارڈز نے بھی حصار قائم رکھا۔ جس ہوٹل میں مہمان ٹیم قیام پذیر ہے، اس کے آس پاس 300 کے قریب اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ اسکے علاؤہ سادہ کپڑوں میں ملبوس سیکورٹی اہلکار بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ میچ کے دن کئی سٹرکیں معمول کی ٹریفک کیلئے بند کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ انگلش ٹیم 17 سال کے بعد پاکستان آئی ہے۔ 

انگلش کپتان جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ تمام سرگرمیوں کو محفوظ انداز میں مکمل کرنے کی غرض سے اتنے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا فی الوقت ماحول معمول سے ہٹ کر لگ رہا ہے لیکن ایک دو روز میں عادی ہو جائیں گے اور پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہوگی۔ انگلش آل راؤنڈر کرس جورڈن نے اپنےخیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے، شائقین کو انٹرنیشنل میچز دیکھنے کا موقع ملنا چاہیے۔ انھوں نے کہا پاکستان میں پچز بھی اچھی ہیں اس لئے یہاں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔