غریب شہریوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل، کراچی سمیت ملک بھر میں آٹے کا بحران

image

کراچی میں آٹے کی قیمت نے شہریوں کے ہوش اڑا دیے، شہر قائد میں آٹا 130 روپے فی کلو فروخت ہونے سے شہریوں کی چیخیں نکل گئیں، ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے مشکلات بڑھنے لگیں، آٹے کے ساتھ گندم کے بحران نے بھی شہریوں کے  ہوش اڑا دیے ہیں۔ 

کراچی: سبزیوں کی قیمتیں نیچے آئیں تو کراچی سمیت ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا۔ آٹے کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے۔ غریب شہریوں کیلئے بچوں کو پیٹ بھر کر کھانا کھلانا مشکل ہو گیا ہے۔ شہر قائد میں آٹا 130 روپے فی کلو فروخت ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ 

شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے آٹے کی قیمت بَلند ترین سطح پر پہنچا کر دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔ ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے مشکلات بڑھنے لگیں تو دوسری جانب گندم کے بحران نے بھی شہریوں کے ہوش اڑا دیے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھی تو چکی مالکان نے بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ 

کراچی شہر میں آٹا ملک کے دیگر شہروں کی نسبت سب سے مہنگا ہے، ایک کلو آٹے کی قیمت 125 سے 130 روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ لاہور میں 110 روپے سے 116 روپے میں ایک کلو آٹا مل رہا ہے۔ اسلام آباد میں چکی کا آٹا 125 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ 

کوئٹہ میں آٹے کی قیمت 120 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ گوجرانوالہ میں چکی کا آٹا 130 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ چکی مالکان کا کہنا ہے کہ غلہ منڈیوں میں قلت کے سبب فی من گندم 2 ہزار 850 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار 800 روپے تک پہنچ چکی ہے، بجلی کے بھاری بل بھی ادا کر رہے ہیں، ایسے میں آٹا مہنگا کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 980 روپے ہے جو مارکیٹ میں کئی جگہوں پر دستیاب ہی نہیں۔