پنجاب حکومت کی طرف سے پانی کے بلوں میں اضافے کی منظوری

image

 وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے لاہور اور گردو نواح میں پانی کا ٹیرف بڑھانے کی منظوری دے دی۔

 لاہور: پیٹرول، گیس اور بجلی کے بعد اب پینے کا پانی بھی مہنگا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی زیر صدارت ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا اہم اجلاس ہوا ہے، اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے گھریلو اور کمرشل پانی کے ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، اب لاہور اور گردنواح میں پانی کے بلوں میں اضافہ ہو جائے گا۔

پانی کے ٹیرف بڑھانے کی منظوری کے بعد اب 72 سے 785 روپے تک پانی کے بلوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ واسا نے بلوں میں اضافے کے بعد مختلف گھروں کے لئے الگ الگ  کیٹگریز رکھی ہے، اس کیٹگری کے مطابق 3 مرلے والے مکان کا پانی کا بل287  روپے سے بڑھا کر358 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ 5 مرلے  والے مکان کا پانی کا بل375 سے بڑھا کر 468روپے کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق واسا کی کیٹگری کے مطابق پانی کے نئے بل اس طرح ہونگے۔ سات مرلے کےمکان کا پانی کا بل 464 روپے سے بڑھا کر 580 روپے، دس مرلے کے مکان کا پانی کا بل 553 روپے سے بڑھا کر 691 روپے، 15 مرلے کے مکان کا پانی کا بل 641 روپے سے بڑھا کر 802 روپے، ایک کنال کے بنگلے کا پانی کا بل 873 روپے سے بڑھا کر 1310 روپے، دو کنال کے  بنگلے کا پانی کا بل 1105 روپے سے بڑھا کر 1658 روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔