صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا اختیار استعمال کر سکتے ہیں، شیخ رشید احمد

image

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جا سکتی ہیں، پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔ عوام کا فیصلہ 2 ٹوک ہے، الیکشن کراؤ اور گھر جاؤ۔

راولپنڈی:  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج 70 وزراء 2 کے اضافے کے بعد 72 ہو گئے ہیں، لوگ سیلاب اور ڈینگی سے مر رہے ہیں، اور یہ امریکا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں قیام کر رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے اسلام آباد میں 30 ہزار کی نفری منگوائی گئی ہے، رنجیت سنگھ کی سوچ اسلام آباد کو پانی پت کا میدان بنانا چاہتی ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے مزید کہا کہ وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جا سکتی ہیں، پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے جب کہ الیکشن ہی ملکی استحکام کا واحد حل ہے۔ عوام کا فیصلہ 2 ٹوک ہے، الیکشن کراؤ اور گھر جاؤ۔ 

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک تقرری سب پر بھاری ہو گئی ہے، اس کا فیصلہ ہونے والا ہے، کہ الیکشن کی طرف جانا ہے یا بند گلی میں، ابھی عمران خان کی کال نہیں آئی، سینکڑوں کینٹینرز اسلام آباد آگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 کلومیٹر کی حکومت اپنے گرد خود سارے صوبوں کا حصار بنوانے کی ذمہ دار ہے، وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جا سکتی ہیں۔