کراچی میں ڈینگی کیسز کی شرح میں اضافہ ہونے لگا، اموات کی تعداد 30 تک پہنچ گئی

image

ڈینگی کیسز کے سرکاری اعداد و شمار پر ماہرین صحت کے تحفظات، محکمہ صحت سندھ کی اموات کی تعداد پر نظر ثانی، تازہ اعداد و شمار میں محکمۂ صحت سندھ کے حکام نے تسلیم کیا ہے کہ رواں ماہ ڈینگی بخار کی پیچیدگیوں کے باعث مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے، رواں سال کراچی میں ڈینگی سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 30 ہو گئی ہے۔ 

کراچی: ڈینگی کیسز کے سرکاری اعداد و شمار پر ماہرین صحت کے تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ان تحفظات کو اس وقت مزید تقویت ملی جب محکمۂ صحت سندھ نے اموات کی تعداد پر نظر ثانی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار میں محکمۂ صحت سندھ کے حکام نے تسلیم کیا کہ رواں ماہ ڈینگی بخار کی پیچیدگیوں کے باعث مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے، جس سے کراچی میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔ 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مزید 297 افراد کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ کے دیگر حصوں میں ڈینگی بخار سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ ڈینگی کے سبب گھروں میں مرنے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا نہیں کیا جا رہا، کئی ہسپتال اور لیبز محکمہ صحت کو روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کیسز کی تعداد سے آگاہ نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے تمام ہسپتال اور لیبز سیل کر دیے جانے کے انتباہ کے بعد ڈیٹا اکٹھا کرنے کی صورتحال میں بہتری آئی ہے لیکن بہت سے لوگ اب بھی تعاون نہیں کر رہے۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں ایک کانفرنس کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور محکمہ صحت کے حکام ان اعداد و شمار کو مزید درست بنانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ دوسری جانب محکمۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 297 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر 402 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کا کہنا ہے کہ کُل کیسز میں سے ضلع شرقی میں 82، ضلع وسطی میں 66، کورنگی میں 86، ضلع جنوبی میں 25، ضلع غربی میں 11، ملیر میں 25 اور کیماڑی میں 2 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ صرف کراچی میں رواں ماہ کے دوران ڈینگی کے 3 ہزار 843 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں رواں سال ڈینگی کے کُل کیسز کی تعداد 6 ہزار 50 ہوگئی ہے۔