شام میں کشتی ڈوبنے کا افسوس ناک واقعہ

image

کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 45 بچوں سمیت 94 افراد ہلاک، تارکین وطن کی کشتی سمندر کے راستے لبنان سے یورپ جا رہی تھی، لبنان میں معاشی بحران کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد یورپی ممالک کا رخ کر رہی ہے۔

دمشق: تفصیلات کے مطابق لبنان سے یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی شام کے قریب سمندر میں ڈوب گئی ہے۔ کشتی الٹنے کے نتیجے میں 45 بچوں سمیت 94 افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کشتی میں 150 مسافر سوار تھے۔ 

حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں زیادہ تر تعداد بچوں کی تھی۔ لبنان سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن اچھے مستقبل کی خاطر یورپ جا رہے تھے۔ کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے اب تک سمندر سے 45 بچوں سمیت 94 لاشیں نکال لی ہیں جبکہ باقی افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ 

حادثے میں بچ جانے والے افراد میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ واضح رہے کہ معاشی حالات سازگار نہ ہونے کی وجہ سے لبنان کے شہریوں کی بڑی تعداد غیر قانونی طور پر یورپ جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق لبنان کی حکومت نے بینکوں سے پیسے نکلوانے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔