دنیا کا نایاب اور قیمتی ترین گلابی ہیرا نیلامی کے لیے تیار

image

ہلکے گلابی رنگ کا یہ چمچماتا  ہیرا ایک انگوٹھی پر نصب کیا گیا ہے۔ اس نایاب ہیرے کا وزن 18 اعشاریہ 18 قیراط ہے۔

فرانس: دنیا بھر کے نایاب زیورات، ماسٹر پیس اور دیگر قدیم اور قیمتی  اشیاء کی نیلامی کرنے والے ادارے کرسٹیز آکشن ہاؤس نےاعلان کیا  ہے کہ  18 قیراط سے زیادہ وزن کا حامل ناشپاتی کی شکل کا دنیا کا سب سے بڑا گلابی ہیرا نومبر میں نیلامی کے زریعے  فروخت کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہلکے گلابی رنگ کا یہ چمچماتا  ہیرا ایک انگوٹھی پر نصب کیا گیا ہے جو دو طرف سے بڑے سفید ہیرے سے جڑا ہوا ہے، اس  نایاب ہیرے کا وزن 18 اعشاریہ 18 قیراط ہے۔ کرسٹیز کے مطابق یہ ہیرا ایشیا میں خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے اس لئے انہیں پوری  اُمید ہے کہ یہ ہیرا دنیا بھر کے شوقین افراد کی توجہ اپنی جانب مرکوز کروائے گا جس کی نیلامی ہانگ کانگ میں ہوگی۔

اس سے قبل 2018 میں کرسٹیز نے 18.96 قیراط کا ونسٹن پنک لیگیسی نام کا ہیرا پانچ کروڑ ڈالر میں فروخت کیا تھا۔ کرسٹیز آکشن ہاؤس میں زیورات کی ماہر انجیلا برڈن کا کہنا ہے کہ یہ ایک خوبصورت پتھر ہے اور اس سائز کا گلابی رنگ کا ہیرا ملنا نہایت مشکل ہے۔