حساس معلومات کے بچاؤ کیلئے حکومتی ادارے کی جانب سے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلہ ارسال

image

بھارتی ہیکرز پاکستانی شہریوں کی حساس معلومات چرانے کیلئے سرگرم، ہیکرز کی جانب سے ملازمت کے اشتہار کے ذریعے معلومات تک رسائی کی کوششیں جاری، اپلائی فارمر ڈاٹ پی کے ویب سائٹ کے ذریعے معلومات چرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس ویب سائٹ کا ڈومین بھارت میں ہے۔ 

نئی دہلی: بھارتی ہیکرز پاکستانی شہریوں کی حساس معلومات چرانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ہیکرز کی جانب سے ملازمت کے اشتہار کے ذریعے معلومات تک رسائی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اپلائی فارمر ڈاٹ پی کے ویب سائٹ کے ذریعے معلومات چرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا ڈومین بھارت میں ہے۔

بھارتی ہیکرز کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی حساس معلومات چرانے کیلئے سرگرم ہونے کی اطلاعات کے بعد تمام متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی چیف سیکرٹریز کو بھارت کے مذموم عزائم سے خبردار کر دیا گیا ہے۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ویب سائٹ پر ملازمتوں کے اشتہارات دے کر اپلائی کرنے کا کہا جا رہا ہے، اس ویب سائٹ کے ذریعے اپلائی کرنے والوں کی معلومات چرائی جا سکتی ہیں۔ شہریوں کی چرائی گئی معلومات سائبر جاسوسی کیلئے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے حکومت پر ہیکرز سے ڈیٹا خریدنے کا الزام لگا دیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تک وزیرِ اعظم آفس نے آڈیو لیک پر کوئی بیان جاری نہیں کیا، خبر ہے کہ حکومت اس وقت ہیکرز کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے کہ وہ یہ ڈیٹا خرید لیں، 20 اگست سے اب تک وزیرِ اعظم آفس کی آڈیو لیک ہوتی رہی ہے۔