اسحاق ڈار سینیٹ کی رکنیت کا آج شام کو حلف اٹھائیں گے

image

سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار آج شام سینیٹ کی رُکنیت کا حلف اٹھائیں گے، اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے اپنے وطن واپس آ گیا ہوں، ملک کو معاشی بھنور سے نکالنے کی پوری کوشش کروں گا۔

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار بطور  وفاقی وزیرِ خزانہ کل صبح 10 بجے حلف اٹھائیں گے۔ خیال رہے کہ اسحاق ڈار گزشتہ روز 5 سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ لندن سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کا وفد خصوصی طیارے میں لندن سے براہِ راست اسلام آباد پہنچا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور ان کے وفد کو لانے والے طیارے نے نور خان ائیر بیس پر لینڈ کیا۔ وطن واپس پہنچنے پر اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے اپنے وطن واپس آ گیا ہوں۔ پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان جس بھنور میں پھنسا ہے اس سے نکالیں۔ 

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ قائد نواز شریف اور وزیراعظم نے وزیرِ خزانہ کی ذمہ داری دی ہے۔ 1998ء اور 2013ء  میں بھی ملک کو معاشی بھنور سے نکالا  تھا۔ وفد کیساتھ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔