متحدہ عرب امارات کا چاند پر پہلا اماراتی خلائی مشن بھیجنے کا فیصلہ

image

اماراتی خلائی مشن 28 نومبر کو روانہ ہو گا، مشن کا مقصد چاند کے اسرار دریافت کرنا ہے، 

خلائی گاڑی روانگی کے 5 ماہ بعد مارچ 2023ء میں چاند پر اترے گی۔

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے مریخ کے بعد چاند پر خلائی مشن بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ مشن چاند کے اسرار دریافت کرنے کی غرض سے بھیجا جا رہا ہے۔ چاند پر بھیجا جانے والا یہ پہلا اماراتی خلائی مشن ہے۔ مشن 28 نومبر کو چاند پر بھیجا جائے گا۔

اماراتی خلائی مشن کو ایکسپلورر راشد کا نام دیا گیا ہے۔ محمد بن راشد خلائی سینٹر کے مطابق اماراتی خلائی مشن 28 نومبر کو امارات کے مقامی وقت کے مطابق 12 بج کر 46 منٹ پرروانہ کیا جائے گا۔ تاہم  موسمی حالات یا دیگر امور کی وجہ سے تاریخ اور وقت میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

آئی سپیس کے مطابق خلائی گاڑی براہ راست چاند کا رخ کرنے کے بجائے کم توانائی والے ٹریک کا انتخاب کرے گی۔ خلائی گاڑی روانگی کے 5 ماہ بعد مارچ 2023ء میں چاند پر اترے گی۔ مشن کا مقصد چاند کی سطح کی مختلف پہلوؤں سے جانچ کرنا ہے۔ جن میں چاند کی مٹی اور اس کی تشکیل اور اجزا، اس کی حرارتی خصوصیات اور ترسیل کی خصوصیات کی جانچ کی جائے گی۔ مشن کے دوران روور چاند کی سطح کی تصاویر لے گا اور دبئی کے کنٹرول روم میں واپس بھیجے گا۔