آئی ٹی کے فروغ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

image

 وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی انگلینڈ سے آنے والے پاکستانی نژاد وفد کی ملاقات میں پولو کھیل کے فروغ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

 لاھور: وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی دور حاضر میں تیز ترین ترقی کا پائیدار راستہ ہے، پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں، پنجاب ایپ کے ذریعے عوام گھر بیٹھے 30 سرکاری سروسز حاصل کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور آئی ٹی لیبز کے قیام کے علاوہ مختلف محکموں کی استعداد کار میں اضافے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کے لئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا ہے تاکہ عوام کو پٹواری کے روایتی کردار سے نجات اور جائیدادوں کی رجسٹری و انتقال میں جعلسازی سے چھٹکارہ حاصل ہو۔

دوسری جانب وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ پولو ایک عمدہ کھیل ہے ، پنجاب میں پولو کے نوجوان کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات دی جا ئینگی، کریم اور کیپ ٹرکنگ کے بعد ٹرانسپورٹ اور رائیڈ کے مزید پراجیکٹ متعارف کروائیں گے۔