پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

image

ہنڈرڈ انڈیکس میں سات سو سے زائد پوائنٹس کی کمی، انڈیکس 42100 کی سطح پر بند، سرمایہ کاروں کو ایک کھرب سے زائد روپے کا نقصان ہوا۔

کراچی: گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان غالب رہا۔ ہفتے کے دو دن انڈیکس میں معمولی تیزی دیکھنے میں آئی۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر مجموعی طور پر انڈیکس ساڑھے سات سو پوائنٹس کمی کے ساتھ 42100 کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری ہفتے میں مندی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 26 ارب  94 کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی۔ جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 68 کھرب 54 ارب 68 کروڑ روپے سے بڑھ کر 67 کھرب 27 ارب 73 کروڑ روپے ہوگیا۔ گزشتہ ہفتے 6 ارب روپے مالیت کے 24 کروڑ 43 لاکھ 55 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔

معاشی ماہرین مارکیٹ میں مندی کی بڑی وجہ آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان مذاکراتی ڈیڈ لاک قرار دے رہے ہیں۔ ملک میں ڈالرز کی کمی اور عالمی ادائیگیوں کی وجہ سے بھی سرمایہ کار احتیاطی رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ جب تک ملک میں سیاسی پارہ ہائی رہے گا، معاشی میدان سے مثبت خبریں آنے کی امیدیں بھی کم ہیں۔