کراچی سمیت سندھ بھر میں ملیریا کے مچھروں کا راج جاری

image

کراچی سمیت صوبے بھر میں ملیریا مچھر بے قابو، جنوری سے اب تک 3 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد ملیریا کا شکار، 41 ہزار کیسز ملیریا کے سیلاب متاثرہ کیپمس میں سامنے آئے ہیں۔ 

کراچی: سندھ میں سیلاب کے بعد ملیریا کے مچھروں کا راج جاری ہے اور اب تک 3 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد ملیریا کا شکار ہو چکے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ افراد میں خواتین ،بچے اور بزرگ شہری شامل ہیں۔ ہلاکتوں کے معاملے پر محکمہ صحت اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے اعداد و شمار میں واضح فرق سامنے آ رہا ہے۔

رواں سال 25 لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد کے ملیریا کے ٹیسٹ کیے گئے اور سب سے زیادہ 51 ہزار 341 کیسز ٹھٹھہ میں رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت  کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ میں 50 ہزار 205 کیسز سامنے آئے جبکہ کراچی کے تمام اضلاع میں 8 ہزار 752 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سب سے کم 2 ہزار 52 کیسز ضلع سانگھڑ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ملیریا سے 23 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر جمن باہوٹو کا کہنا ہے کہ صرف ضلع دادو میں 30 افراد ملیریا سے انتقال کر چکے ہیں۔ ڈی جی ہیلتھ کے مطابق ہلاکتوں کی مکمل رپوٹنگ نہیں ہو رہی ہے۔ دوسری جانب موسم سرما میں ملیریا اور ڈینگی کے کیسز میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔