پاکستان کا بابری مسجد کو اس کے اصل مقام پر دوبارہ تعمیر کرنے کا مطالبہ

image

 پاکستان نے بھارتی حکومت سے مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

 اسلام آباد: بابری مسجد کی شہادت کے 30 سال مکمل ہونے پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بابری مسجد کی شہادت بھارت میں بڑھتے ہوئے مسلمان مخالف جنون کی یاد دلاتی ہے پاکستان شہید بابری مسجد کی جگہ ہندو مندر کی تعمیر کی مذمت کرتا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بابری مسجد کی شہادت کے ذمہ داروں کی بریت بھی قابل مذمت ہے، ہندو انتہا پسند گیان واپی سمیت ديگر مساجد کو بھی مندر بنانے کی بات کر رہے ہیں، ایسے مطالبات بابری مسجد جیسے مزید المیوں کو جنم دیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنائے۔

یاد رہے کہ 6 دسمبر 1992 کو بھارت میں برسراقتدار جماعت بی جے پی اور دیگر ہندو انتہا پسند تنظیموں کے جھتوں نے سولہویں صدی میں تعمیر کی گئی بابری مسجد پر دھاوا بول کر اسے شہید کر دیا تھا۔ بابری مسجد کی جگہ اب ایک مندر تعمیر کیا جا رہا ہے۔