پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کی تقرری کا اعلان اگلے ہفتہ متوقع

image

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کمیٹی کے تقرر کے حوالے سے اگلا ہفتہ انتہائی اہم، نجم سیٹھی غیر ملکی کوچ رکھنے کے خواہشمند، شاہد آفریدی کی رائے ہے کہ پاکستانی ٹیم کا کوچ ملکی کھلاڑی ہی ہونا چاہیے۔

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کمیٹی کے تقرر کے حوالے سے اگلا ہفتہ انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ پی سی بی کی عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی مکی آرتھر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ تعینات کرنے کے خواہشمند تھے۔ اس کے لیے انہوں نے خود مکی آرتھر سے رابطہ بھی کیا تھا تاہم مکی آرتھر نے اپنی مصروفیات کے باعث عہدہ سنھبالنے سے معذرت کر لی تھی۔

اس کے علاوہ جسٹس لینگر کا نام سامنے آ رہا تھا لیکن اطلاعات کے مطابق جسٹن لینگر جتنی رقم ایک سیشن میں حاصل کر لیتے ہیں اتنی انہیں پاکستان میں ایک ماہ میں بھی نہیں مل سکتی ایسی صورت میں وہ کیوں کر پاکستان آنے میں دلچسپی لیں گے۔ اسی طرح اینڈی فلاور کا نام بھی سامنے آ رہا ہے لیکن وہ بھی پورا سال لیگ کرکٹ میں مصروف رہتے ہیں اور بہت زیادہ معاوضہ حاصل کر لیتے ہیں۔ ٹام موڈی سے بھی اس طرح رابطہ کیا گیا جس طرح چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے مکی آرتھر سے کیا تھا۔ 

نجم سیٹھی کی رائے تھی غیر ملکی کوچ ملکی سیاست سے الگ رہتا ہے اور ان کا اس حوالے سے ماضی کا تجربہ اچھا رہا۔ اس لیے وہ اس بار بھی غیر ملکی کوچ رکھنے پر ہی زور دے رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز سے نجم سیٹھی یو اے ای میں آئی سی سی اور اے سی سی کی میٹنگز میں تھے لیکن اگلے ہفتے سے مینجمنٹ، کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے معاملات واضح ہونا شروع ہو جائیں گے۔