چند چھوٹی عادات اور مشاغل اپنا کر دماغ کو توانا رکھا جا سکتا ہے: تحقیق

image

 

دوستوں سے فون پر بات کرنے کے دماغ پر مثبت اثرات، دماغ کو جتنا استعمال کیا جائے وہ اتنا ہی توانا رہتا ہے، گھر آنے کا راستہ بدلیں اور دیگر راہیں تلاشیں، پُرفضا اور سبزہ بھری جگہوں پر وقت گزارنے سے بھی دماغ پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

لندن: ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چند چھوٹی عادات اور مشاغل کو اپنا کر دماغ کو تندرست و توانا رکھا جا سکتا ہے۔ نیورو سائنس کے ماہرین اور نفسیاتی معالجین کافی تجربات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ بعض چھوٹی عادات اور مشاغل اپنا کر عمر کے ساتھ ساتھ دماغ کے انحطاط کو کم کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر ان عادات کو مستقل طور پر اپنا لیا جائے تو دماغ کو طویل عرصے تک تندرست رکھنا ممکن ہوجائے گا۔

برطانیہ میں الزائیمر تحقیق سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ دوستوں سے فون پر بات کرنے سے دماغ پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس لئے محققین نے مشورہ دیا ہے کہ دوستوں سے فون پر بات کرنی چاہیئے، خواہ وہ آپ کو فون کریں یا نہ کریں۔ اس کے علاؤہ لفظی معمے حل کرنے اور  شطرنج کھیلنے سے بھی دماغی صلاحیت تیز ہوتی ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ دماغ کو جتنا استعمال کیا جائے وہ اتنا ہی توانا رہتا ہے۔ اسلئے نئی زبانیں سیکھنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ نیند کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے پوری نیند لینی چاہیئے۔ بے کار بیٹھے رہنے سے اجتناب کرنا چاہیئے جتنا ممکن ہو سرگرم رہیں۔

پیدل چلنے سے بھی دماغی صحت بہتر ہوتی ہے، اگر گھر سے باہر جارہے ہیں تو پیدل چلیے۔ گھر آنے کا راستہ بدلیں اور دیگر راہیں تلاش کریں۔ پُرفضا اور سبزہ بھری جگہوں پر وقت گزارنے سے بھی دماغ و ذہن پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ پرانے دوستوں کو بلائیں اور ان کے ساتھ پکنک کا کوئی منصوبہ بناتے رہیں۔