درج زیل مشروبات سر درد کی شدت کو کم کرنے میں معاون ہو سکتے ہیں

image

سر درد کے نتیجے میں روز مرہ کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔ آدھے سر کے درد کے لیے غذا اور طرز زندگی کی عادات بہت اہم ہیں۔ کچھ مشروبات سے بھی آپ مائیگرین یا عام سر درد کی شدت کو کم کر سکتے ہیں۔

سرگودھا: آدھے سر درد یا عام سر درد میں درج زیل مشروبات افاقے کا باعث بن سکتے ہیں۔ ادرک کی چائے پینے سے مائیگرین کی شدت میں کمی لانے سے مدد مل سکتی ہے جبکہ متلی اور قے جیسے مسائل سے بھی تحفظ ملتا ہے۔ آدھے سر کے درد کے شکار افراد کو اکثر قے اور متلی کی شکایت بھی ہوتی ہے۔ اگر سادہ پانی پینا نہیں چاہتے تو لیموں یا ایسے ہی پھلوں کو کاٹ کر پانی میں شامل کر لیں۔ اس سے پانی کا ذائقہ بہتر ہو جائے گا جبکہ غذائی اعتبار سے بھی وہ جسم کے لیے زیادہ مفید بن جائے گا۔

سبز چائے اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور مشروب ہے اور اس کو پینے سے سردرد سے نجات میں مدد مل سکتی ہے، البتہ مائیگرین کے تحفظ میں یہ کس حد تک مؤثر مشروب ہے، اس پر تحقیق کی ضرورت ہے۔ آدھا کپ انگور کے جوس سے جسم کو میگنیشم نامی غذائی جز ملتا ہے جو مائیگرین کی شدت میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اورنج جوس کو پینے سے بھی سردرد اور مائیگرین سے نجات پانے میں مدد مل سکتی ہے کیونکہ مالٹوں میں میگنیشم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔اورنج جوس کے آدھے کپ میں 11 ملی گرام میگنیشم ہوتا ہے، البتہ اس میں چینی شامل کرنے سے گریز کریں۔ اگر کھٹے پھلوں کو کھانے سے مائیگرین کا سامنا ہوتا ہے تو اس جوس کے استعمال سے گریز کریں۔

گریپ فروٹ میں بھی میگنیشم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے تو اس کا جوس پینا بھی سردرد یا مائیگرین کی روک تھام کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔ گریپ فروٹ میں میگنیشم کے ساتھ ساتھ دیگر غذائی اجزا بھی ہوتے ہیں جو جسم کے لیے مفید ہوتے ہیں، البتہ جوس میں چینی کو شامل کرنے سے گریز کریں اور ترش پھل کے بارے میں جو اوپر بتایا گیا ہے، اس کا اطلاق گریپ فروٹ جوس پر بھی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی پینے سے بھی سر درد اور مائیگرین سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔سردرد یا مائیگرین سے متاثر ہونے کی ایک بڑی وجہ جسم میں پانی کی کمی ہوتی ہے اور پانی پینے سے اسے بچنا آسان ہو جاتا ہے۔