ایل پی جی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ
گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری، گھریلو صارفین ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور، ایل پی جی سلنڈر کی طلب پوری نہ ہونے پر قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
لاہور: تفصیلات کے مطابق گیس سپلائی اور طلب میں نمایاں فرق کی وجہ سے گیس لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ طویل ہونے لگا ہے۔ گھریلو صارفین کو کھانا بنانے اور دوسرے کاموں کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ ہوٹل مالکان اور گھریلو صارفین ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
لاہور میں طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ایل پی جی سلنڈر کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ طلب کے مطابق سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز ایل پی جی کی فی کلو قیمت اضافے کے بعد 240 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ اگر حکومتی مداخلت نہ ہوئی تو ہو سکتا ہے یہ قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو فی الفور گھریلو صارفین کیلئے گیس کی لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ایل پی جی پر دباؤ کم کیا جا سکے۔ کاروباری حضرات نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد سے جلد اس بحران پر قابو پایا جائے، تاکہ حالات بہتر ہو سکیں۔