کراچی کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹوں بعد بحال ہونے والی بجلی پھر سے غائب

image

شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے بعد آنے والی بجلی ایک مرتبہ پھر غائب، دوسری جانب وزارتِ توانائی نے ملک بھر کے تمام گرڈ اسٹیشنوں پر بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے، بجلی کی موجودہ پیداوار 9 ہزار 704 میگاواٹ ہے۔

کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے بعد آنے والی بجلی ایک مرتبہ پھر غائب ہو گئی۔ بجلی بحالی کے بعد گلستانِ جوہر بلاک 8 میں ایک بار پھر لوڈ شیڈنگ ہوئی ہے اس کے علاوہ کشمیر کالونی، اختر کالونی سمیت پی ای سی ایچ ایس اور گارڈن کے علاقوں میں بھی پھر بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ادھر ملیر، ماڈل کالونی، رفاع عام، الفلاح سوسائٹی میں بھی بجلی ایک بار پھر غائب ہو گئی ہے۔ 

کشمیر کالونی، اختر کالونی، یاسین آباد گلشن شمیم، لانڈھی اور خرم آباد میں بجلی معطل ہے۔ لیاقت آباد سی ون ایریا میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی۔ شہر کے جن علاقوں میں بجلی معطل ہے ان میں نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال کے مختلف علاقوں سمیت فیڈرل بی ایریا کے چند بلاکس، آئی آئی چندریگر روڈ، طارق روڈ، کھارادر اور اطراف کے علاقے شامل ہیں۔

دوسری جانب وزارتِ توانائی نے ملک بھر کے تمام گرڈ اسٹیشنوں پر بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ وزارتِ توانائی کے مطابق ملک بھر میں این ٹی ڈی سی کے 1112 گرڈ اسٹیشنز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ بجلی کی موجودہ پیداوار 9 ہزار 704 میگاواٹ ہے۔