یوٹیوب کی تعلیم کے شعبے میں قابلِ ذکر پیشرفت

image

یوٹیوب کا کالج کی تعلیم مکمل کرنے کیلئے ’اسٹڈی ہال‘ کے نام سے ایک منظم پروگرام شروع، 'اسٹڈی ہال' سے طلباء و طالبات گھر بیٹھے آن لائن تعلیمی کریڈٹس حاصل کر سکیں گے، اسٹڈی ہال کا باقاعدہ آغاز 7 مارچ سے ہو جائے گا، 'اسٹڈی ہال' ایک نیا طریقہ ہے جو کالج کی تعلیم آسان اور کم خرچ بنانے کیلئے وضع کیا گیا ہے۔

نیویارک: یوٹیوب کی جانب سے کالج کی تعلیم مکمل کرنے کیلئے ’اسٹڈی ہال‘ کے نام سے ایک باقاعدہ لائحہ عمل وضع کیا گیا ہے۔ یوٹیوب ایپ میں موجود لاتعداد موضوعات پر اب کالج کریڈٹس حاصل کیے جا سکیں گے جس کیلئے کچھ فیس ادا کرنا ہوگی۔ اسٹڈی ہال کو تعلیمی ماہرین نے ڈیزائن کیا ہے جس کی بدولت بیانیہ ویڈیو، کورس تفصیلات اور اس کے تمام ضروری اجزاء شامل کیے گئے ہیں جو اصل کورس کو ظاہر کرتے ہیں۔ 

یوٹیوب کے اس اقدام سے طلباء و طالبات گھر بیٹھے آن لائن تعلیمی کریڈٹس حاصل کر سکیں گے۔ ’اسٹڈی ہال' اپنی نوعیت کا منفرد طریقہ ہے جو کالج کی تعلیم آسان اور کم خرچ بنانے کیلئے وضع کیا گیا ہے جو اسکول کی تعلیم کے بعد مؤثر طریقے سے سماجی اور معاشی بہتری کیلئے تعلیم مکمل کرنے میں مدد دے گا اور یوں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلیں گے اور رکاوٹیں دور ہوں گی۔ ان رکاوٹوں میں کالج کی مہنگی تعلیم اور رسائی شامل ہے۔ اسٹڈی ہال کا باقاعدہ آغاز 7 مارچ سے ہو جائے گا جس کے بعد وہ کالج کریڈٹس منتقل کروا سکیں گے۔ 

پہلے مرحلے میں ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے اساتذہ اور کلیات سے وابستہ افراد نے اپنے مضامین شامل کیے ہیں جن میں ریاضی، انگریزی کمپوزیشن، امریکی تاریخ اور انسانی روابط وغیرہ شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا بھر کے افراد اس کورس سے وابستہ ہو سکتے ہیں، اس کیلئے کسی کم ترین جی پی اے یا درخواست کی ضرورت نہیں۔ اگلے سال مزید 12 کورسز شامل کیے جائیں گے۔ اکثر کورس مفت ہیں لیکن کورس ورک کیلئے 25 ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی۔ ماہرین کے مطابق تعلیم کے میدان میں یوٹیوب کا یہ ایک احسن اقدام ہے۔