کولا فون مارکیٹ میں آنے کو تیار

image

مشروب ساز کمپنی کوکا کولا کا ٹیلی کام کمپنی میں پہلا قدم، معروف موبائل ساز کمپنی سے اشتراک، اگلی سہ ماہی میں اسمارٹ فون لانچ کرنے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا۔

واشنگٹن: مشروب بنانے والی معروف کمپنی کوکا کولا نے اسمارٹ فون مارکیٹ میں آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران کولا فون لانچ کرنے کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بھارتی ٹیلی کام ایکسپرٹ مکول شرما نے ٹویٹ کرتے ہوئے اسمارٹ فون کی تصویر بھی شئیر کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوکا کولا کمپنی کولا فون پروجیکٹ کیلئے معروف فون ساز کمپنی کے ساتھ اشتراک کررہی ہے۔ فی الحال موبائل ساز کمپنی سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ کے آخر تک بہت سی تفصیلات ہمارے پاس آچکی ہوں گی۔

یاد رہے کوکا کولا کمپنی مشروبات کی فروخت کے لحاظ سے دنیا کی سرفہرست کمپنی ہے۔ موبائل فون کی لانچ کے بعد اگر کامیابی ملتی ہے تو کوکا کولا کمپنی مزید اس طرف راغب ہوسکتی ہے۔ قیمت اور دوسرے فیچرز کی تفصیلات قبل از وقت جاری کرنے کی اطلاعات بھی مارکیٹ میں گردش کررہی ہیں۔