انڈین ایئر فورس کے 2 جنگی طیارے دوران مشق آپس میں ٹکرا گئے

image

حادثے میں 1 پائلٹ ہلاک اور 2 زخمی، دونوں طیاروں نے گوالیار ایئربیس سے اڑان بھری تھی، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے مقامی انتظامیہ کو بھارتی فضائیہ سے تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نئی دہلی: تفصیلات کے مطابق بھارتی فضائیہ کے 2 جنگی طیارے گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں 1 پائلٹ ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں لڑاکا طیارے نئی دہلی کے جنوب میں مشقوں کے دوران گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ تباہ ہونے والے دونوں طیاروں نے گوالیار ایئربیس سے اڑان بھری تھی۔ 

بھارتی پولیس افسر دھارمندر گور نے ایک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ 2 لڑاکا طیاروں میں سے ایک طیارے کے پرزے مل گئے ہیں۔ پولیس افسر کے مطابق پہاد گڑھ جنگل سے ایک پائلٹ بھی زخمی حالت میں ملا ہے۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں طیاروں کے فضا میں تصادم کی تصدیق کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ 

بھارتی صوبے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے ریسکیو اور بحالی کے کام کیلئے مقامی انتظامیہ کو بھارتی فضائیہ سے تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے قبل اکتوبر 2022ء میں بھارتی صوبے اروناچل پردیش میں بھی بھارتی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں ایک پائلٹ ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔