ایران میں فوجی تنصیب پر حملے کی کوشش ناکام

image

ایران میں فوجی تنصیب پر حملے کی کوشش ناکام، مبینہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں، حملے سے کمپلیکس کی ایک عمارت کی چھت کو معمولی نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تہران: ایران میں حکام نے بتایا کہ ہفتے کو رات گئے وسطی صوبے اصفہان میں واقع ایک دفاعی تنصیب کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا، تاہم ایرانی فضائیہ نے حملے میں استعمال ہونے والے تین ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں حملے کو ’ناکام‘ قرار دیا ہے۔ حملے سے کمپلیکس کی ایک عمارت کی چھت کو معمولی نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

وزارت دفاع نے مزید کہا کہ ایران فضائیہ کے دفاعی نظام نے اس حملے میں استعمال ہونے والے تین ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ اصفہان صوبے کے نائب گورنر محمد رضا جان ناصیری نے سرکاری ٹیلی ویژن کو تصدیق کی کہ مبینہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں، جس میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ تاہم حکام نے اصفہان شہر کے شمال میں ہدف بنائے گئی فوجی تنصیب پر ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق علاقے میں ایران کے جوہری تحقیق کی کئی تنصیبات واقع ہیں، جن میں یورینیم کی افزودگی کا پلانٹ شامل ہے۔ اپریل 2021 میں تہران نے اعلان کیا کہ اس نے صوبہ اصفہان میں نطنز کے مقام پر 60 فیصد افزودہ یورینیم کی پیداوار شروع کر دی ہے۔