پاکستان اور روس کے درمیان تیل کے معاہدے میں امریکہ رکاوٹ پیدا کر سکتا ہے: روسی وزیر خارجہ

image

روسی وزیر خارجہ کا ماسکو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب، امریکہ نے چین، بھارت اور ترکی پر بھی دباؤ ڈالا ہے، مغربی ممالک نہ صرف روس پر پابندیاں لگا سکتے ہیں بلکہ دہشت گردی بھی کروا سکتے ہیں۔

ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان ہونے والے تیل کے معاہدے میں امریکہ رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ روس کے ساتھ معاملات نہ کیے جائیں۔ 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ بڑے غرور سے کام لے رہا ہے، اسے شرم کرنی چاہیئے۔ سرگئی لاوروف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس سے قبل امریکہ چین، بھارت اور ترکی پر بھی دباؤ ڈال چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی ملک بھی ایسا نہیں ہے جسے نئے سامراج امریکہ کی طرف سے پیغامات نہ ملے ہوں۔ 

دورانِ گفتگو روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں پاکستان سمیت ایسے ملکوں کی اکثریت موجود ہے جو اپنے جائز مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر کئی ممالک اپنی معیشت بہتر بنانے اور عوام کے مفاد میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ مغربی ممالک روس پر مزید پابندیاں بھی لگا سکتے ہیں اور دہشت گردی بھی کروا سکتے ہیں۔