پاکستان میں سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی جدید ریلوے ویگنیں تیار

image

مقامی طور پر ویگنوں کی تیاری سے ہر سال آمدن میں 9 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوگا، مقامی سطح پر تیاری خود انحصاری کی جانب اہم اقدام ہے۔

لاھور: (اکنامکس ڈیسک) چین سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر کا وعدہ پورا ہو گیا، پاکستان میں جدید ریلوے ویگنیں تیار کر لی گئیں۔ پاکستان ریلوے نے مال گاڑیوں کی بین الاقوامی معیار کی ویگنیں مقامی طور پر تیار کر لی ہیں، سی ای او ریلوے نے لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر ان ویگنوں کا افتتاح کیا۔ سی ای او ریلوے عامر بلوچ کے مطابق مقامی طور پر ویگنوں کی تیاری سے فارن ایکسچینج ریزرو کی بچت ہوگی، اور ہر سال آمدن میں 9 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوگا۔

چینی ٹیکنالوجی سے بننے والی 40 ہائی کپیسٹی ویگنیں ریلوے فلِیٹ میں شامل کر دی گئی ہیں، جدید ڈیزائن کی حامل یہ ویگنیں کنٹینروں کو بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر سکیں گی، ان میں 70 ٹن لوڈ لے جانے کی صلاحیت موجود ہے۔

ان ویگنوں کے بعد اب مال گاڑی بھی 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکے گی، مالی سال 26-2025 کے اختتام پر ایسی 820 کوچز ریلوے سسٹم میں شامل ہو جائیں گی۔