کے پی کے حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کو مراعات دینے کا اعلان کر دیا
کے پی کے لوکل گورنمنٹ کے منتخب نمائندوں کی اجرت اور الاؤنس رولز 2022ء میں تبدیلی، تحصیل میئر اور چیئرمین کے اعزازیہ میں 100 فیصد اضافہ، بلدیاتی نمائندوں کے دفاتر کیلئے مختص ماہانہ کرایوں کی مد میں بھی اب فنڈز کا اجراء کیا جائے گا۔
پشاور: (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کو مزید مراعات دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ لوکل گورنمنٹ کے منتخب نمائندوں کی اجرت اور الاؤنس رولز 2022ء میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد بلدیاتی نظام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق تحصیل میئر اور چیئرمین کے اعزازیہ میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ آئندہ کیلئے تحصیل میئر کا اعزازیہ 40 ہزار سے بڑھ کر 80 ہزار ہو جائے گا۔ اسی طرح ویلج کونسل اور نیبر ہڈ چیئرمین کا اعزازیہ 20 ہزار سے بڑھ کر 30 ہزار ہو جائے گا۔
دستاویز کے مطابق صوبائی محکمہ خزانہ تحصیل میئر کیلئے سالانہ 344 ملین روپے سے زائد کی رقم مختص کرے گا۔ اسی طرح نیبر ہڈ کونسل اور ویلج کونسل چیئرمین کے اعزازیہ کیلئے 2 ہزار 412 ملین روپے مختص کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بلدیاتی نمائندوں کو دفاتر کیلئے مختص ماہانہ کرایوں کی مد میں فنڈز بھی مہیا کیے جائیں گے۔