جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دنیا کا سب سے بڑا ریلوے اسٹیشن قائم

image

سعودی عرب میں 6 منزلہ حرمین ایکسپریس ٹرین اسٹیشن 99 ہزار مربع میٹر پر محیط، ٹرین اسٹیشن پر مسافروں کیلئے ویٹنگ زون بھی موجود ہے، حج و عمرہ زائرین کیلئے ٹرین کا یہ سفر محفوظ ترین سفر ہوگا۔

جدہ: تفصیلات کے مطابق جدہ کے نئے ایئرپورٹ پر دنیا کے سب سے بڑے ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعمیر کیے جانے والے اس ریلوے اسٹیشن کا شمار دنیا کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں میں ہوتا ہے۔ اس ریلوے اسٹیشن کی 6 منزلہ عمارت 99 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے۔ 

جدہ کے اس جدید ترین ریلوے اسٹیشن پر کاروباری مراکز اور ہر کلاس کے مسافروں کیلئے ویٹنگ زون تعمیر کیے گئے ہیں۔ حرمین ایکسپریس اسٹیشن کو باصلاحیت سعودی نوجوان پروفیشنل انداز میں چلا رہے ہیں۔ مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے لاکھوں زائرین کو جدہ اور رابغ کے راستے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچایا جا رہا ہے۔ 

خیال رہے کہ حرمین ایکسپریس اسٹیشن نئے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ اس جدید ترین ریلوے اسٹیشن کے قیام کا مقصد ملکی اور غیرملکی عمرہ زائرین کو محفوظ ترین سفر فراہم کرنا ہے۔ حرمین ایکسپریس اسٹیشن کی تعمیر سے جدہ، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کی شاہراہوں پر ٹریفک کافی حد تک کم ہو جائے گی۔