پاکستان کی خواتین نیزہ باز ٹیم نے انٹرنیشنل مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی

image

پاکستان کی تاریخ میں خواتین ٹینٹ پیگنگ ٹیم کی انٹرنیشنل مقابلوں میں پہلی مرتبہ شمولیت، بین الاقوامی ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ 22 سے 24 ستمبر تک اردن میں جاری رہی، پاکستان کی نمائندگی زویا میر، کنزہ فرحت اور عائشہ احمد خان نے کی ہے۔ 

عمان: تفصیلات کے مطابق پاکستان کی خواتین نیزہ باز ٹیم نے انٹرنیشنل مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ چند روز قبل پاکستان کی جانب سے 3 رکنی ٹیم اردن روانہ ہوئی تھی۔ خواتین نیزہ بازی کا یہ انٹرنیشنل مقابلہ پیٹرا میں منعقد ہوا ہے۔ پاکستان روانگی سے قبل ایکویسٹرین فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) کے صدر صاحبزادہ سلطان محمد علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے خواتین ٹیم کی پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ایونٹ میں شمولیت خوش آئند ثابت ہوگی۔ 

ٹی وی این کے خصوصی نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ای ایف پی کے صدر سلطان محمد علی نے کہا کہ ٹیم بہترین فارم میں ہے اور ایک معیاری کھیل پیش کر کے باقی ٹیموں کو ٹف ٹائم دے گی۔ یاد رہے کہ بین الاقوامی ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ 22 سے 24 ستمبر تک اردن میں جاری رہی ہے۔ اس ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی زویا میر، کنزہ فرحت اور عائشہ احمد خان نے کی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی مقابلوں سے قبل پاکستانی نیزہ باز ٹیم تربیتی دورے پر جنوبی افریقہ بھی گئی تھی۔ کنزہ فرحت نے ایک انٹرویو میں اس بات کا برملا اظہار کیا تھا کہ وہ ملک کیلئے اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائیڈنگ ہمیشہ سے ایک جنون رہا ہے اور قومی ٹیم میں منتخب ہونے پر اپنے آپ کو خوش قسمت محسوس کرتی ہوں۔  

پاکستانی ٹیم کی ایک اور گھڑسوار عائشہ احمد خان نے کہا کہ ان کا مقصد انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنا ہے۔ 17 سالہ عائشہ بچپن سے ہی گھڑ سواری کر رہی ہیں لیکن انہوں نے رواں سال مئی میں ہی ٹینٹ پیگنگ کو بطور کھیل منتخب کیا تھا۔ اسکواڈ کی تیسری رکن زویا میر کا کہنا تھا کہ گھوڑے اور سوار کے درمیان ہم آہنگی خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھڑ سواری میں سب سے اہم چیز صرف جیتنا ہی ہوتا بلکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔