پی ڈی ایم ٹو حکومت ناقابل قبول قرار

image
ترجمان پی ٹی آئی کا بیان، عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے، 16 ماہ تک ملکی معیشت سے کھلواڑ کرنے والے دوبارہ ملک کا بیڑہ غرق کریں گے۔
 
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھاندلی کا لبادہ پہنا کر پی ڈی ایم 2 کو دوبارہ مسلط کیا جارہا ہے۔ چاروں صوبوں میں مینڈیٹ کی حامل پی ٹی آئی حکومت سازی کا حق رکھتی ہے۔ معاشی تباہی کا ذمہ دار پی ڈی ایم نامی نااہل، عوام سے مسترد لوگوں کا ٹولہ ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عوام نے ووٹ کے ذریعے نااہلوں کے ٹولے کو مسترد کیا ہے۔ پی ڈی ایم نے 16 ماہ عوام کو معاشی و انتظامی تباہی اور بدترین مہنگائی کی دلدل میں پھینکے رکھا۔ آئین پامال کرنے پر چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن اراکین مستعفی ہوں، عوامی مینڈیٹ کے برعکس کسی کو مسلط کرنے کے کسی منصوبے کو قبول نہیں کرینگے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کراچی کی قومی و صوبائی نشستوں پر مسترد ہونے والے ووٹ کی تعداد بتا دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اور صوبائی نشستوں پر 97 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کیے گئے۔ 47 صوبائی نشستوں پر 47 ہزار 701 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ قومی اسمبلی کی 22 نشستوں پر 50 ہزار 391 ووٹ مسترد ہوئے۔