عدالتوں سے عمران خان کیلئے اچھی خبریں

image

9 مئی تشدد کیسز کی سماعت، بانی پی ٹی آئی کی 3 کیسز میں عبوری ضمانت منظور، ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے آئندہ سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذرِ آتش کرنےکے مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے سماعت کی۔ عمران خان کے جونیئر وکلاء کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی، عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دیا۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے عدالت نے دلائل طلب کر لیے۔ جونیئر وکلاء کی ٹیم نے استدعا کی کہ سینیئر وکیل بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیں، مہلت دی جائے۔ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ملک گیر احتجاج کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلا دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا۔ سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔