"گو پنجاب" ایپ رشوت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی: چوہدری پرویز الٰہی

image

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ’’گو پنجاب‘‘ ایپ کا افتتاح کر دیا، گھر بیٹھی خواتین بھی اس سے فائدہ حاصل کرسکتی ہیں۔ ’’گو پنجاب‘‘ ایپ میں تمام سرکاری محکموں کو شامل کیا گیا ہے، جلد پرائیویٹ سیکٹر کو بھی شامل کیا جائے گا۔

لاہور: عوام کی خدمت اور مدد کیلئے پنجاب حکومت نے ایک احسن اقدام کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ’’گو پنجاب‘‘ ایپ کا افتتاح کر دیا ہے۔ ارفع کریم ٹاور لاہور میں ’’گو پنجاب‘‘ ایپ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر ارسلان خالد نے ایپ کے بارے میں معلومات اور استعمال سے متعلق آگاہی دی۔ انہوں نے بتایا کہ ’’گو پنجاب‘‘ ایپ میں تمام سرکاری محکموں کو شامل کیا گیا ہے، جلد پرائیویٹ سیکٹر کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا ویژن ہے، اس لئے ہماری کوشش ہے کہ ہمارے منصوبوں سے یوتھ کو ترقی اور خوشحالی کے مواقع ملیں، آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کو بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ یہ ایپ رشوت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر میں پڑھی لکھی خواتین ہیں، وہ گھر بیٹھ کر بھی اس سے مستفید ہو سکتی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جب اس میں پرائیویٹ سیکٹر کو باقاعدہ شامل کیا جائے گا تو اس میں کام کرنے کے مواقع اور زیادہ بڑھیں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی کا محکمہ نہیں تھا، اپنے پچھلے دور میں الگ سے بجٹ رکھ کر آئی ٹی کا محکمہ بنایا، آج یہ سب سے اہم محکمہ بن چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہم نے اس محکمہ کے ذریعے گاڑیوں کی نمبر پلیٹ بنانا شروع کیں، جس کو بعد میں شہباز شریف حکومت نے بند کر دیا، محکمہ کے کہنے پر دوبارہ اس کو چلا دیا گیا ہے۔