کرسٹیانو رونالڈو پر مداح کا موبائل فون پھینکنے پر 2 ڈومیسٹک میچوں کی پابندی عائد

image

انٹرنیشنل میچز پر ان کی یہ پابندی اثر انداز نہیں ہوگی اور وہ ورلڈکپ میں پرتگال کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔

دوحہ :  پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر مداح کے ہاتھ سے اس کا موبائل فون نیچے پھینکنے پر 2 ڈومیسٹک میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ رواں سال اپریل میں مانسچٹر یونائیڈڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے رونالڈو نے انگلش فٹبال کلب ایورٹن کے ہاتھوں شکست کے بعد میدان سے ڈریسنگ روم میں جاتے ہوئے تمائشیوں میں موجود ویڈیو بنانے والے ایک مداح کے فون پر غصے سے ہاتھ مار کر موبائل نیچے پھینک دیا تھا۔

تاہم اس واقعہ کی تحقیقات مکمل ہوگئی جس کے بعد فٹبال ایسوسی ایشن نے رونالڈو پر 2 ڈومیسٹک میچز کی پابندی کے ساتھ 50 ہزار پاؤنڈز کا جرمانہ بھی عائد کردیا۔ فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق رونالڈو پر 2 میچز کی پابندی ڈومیسٹک سطح پر ہونے والے کلب میچز کے لیے ہے، انٹرنیشنل میچز پر ان کی یہ پابندی اثر انداز نہیں ہوگی اور وہ ورلڈکپ میں پرتگال کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ دنوں دیے گیے ایک متنازع انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے جس میں رونالڈو نے کلب پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ میرے دل میں کلب کے منیجر کے لیے کوئی عزت نہیں ہے۔