میانوالی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا

image

پنجاب پولیس نے میانوالی میں تھانہ مکڑ وال پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا، حملہ آور دہشت گرد پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے پسپا ہو کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

میانوالی: تفصیلات کے مطابق میانوالی کے علاقے مکڑ وال میں نامعلوم دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، ملزمان اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ ڈی پی او میانوالی محمد نوید مزید نفری کے ہمراہ تھانہ مکڑ وال کی جانب روانہ ہوگئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایچ او مکڑوال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بہادر اور فرض شناسی پر ایس ایچ او، محرر اور دیگر اہلکاروں کو شاباشی دی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر کا تعاقب جاری رکھتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ 

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، اسپیشل برانچ میانوالی پولیس کو بھرپور معاونت دیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے میانوالی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو شاباش، جب کہ افسران اور جوانوں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تھانہ مکڑوال پر حملہ آوروں کو مار بھگانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پولیس دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے میں ہمارا ہراول دستہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم اور ادارے متحد ہیں، پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی پر قوم کو فخر ہے، انہیں مزید جدید ہتھیاروں سے لیس کریں گے۔