گورنر کے پی کے کی جانب سے الیکشن میں تاخیر کا عندیہ

image

غلام علی کا الیکشن کمیشن کو خط، سانحہ پولیس لائنز کو جواز بنا کر الیکشن میں تاخیر کا مطالبہ، سیاسی صورتحال کو سانحہ اے پی ایس کے بعد بننے والے فارمولے کے تحت سنبھالنے کا مشورہ بھی دے دیا۔

پشاور: گورنر خیبرپختونخواہ غلام علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی انتخابات ملتوی کئے جانے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے کہ انتخابات ملتوی کئے جائیں۔ سانحہ پولیس لائنز کے بعد امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح قوم نے سانحہ اے پی ایس کے بعد فارمولا طے کیا تھا، بالکل اسی طرح موجودہ سیاسی صورتحال کو قابو کیا جائے۔ آئین کے تحت انتخابات بالکل ضروری ہیں، لیکن امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھنا بھی ضروری ہے۔ عمران خان سے کہتا ہوں کہ سیاست ضرور کریں، لیکن جھوٹ نہ بولا کریں۔

گورنر کے پی کے غلام علی نے ریاست کو خطرے میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ریاست ضروری ہے۔ جس طرح پہلے ہم ایک میز پر بیٹھے تھے، اسی طرح پھر ہمیں اکٹھا بیٹھنے کی ضرورت ہے۔ ملکی سلامتی کیلئے تمام قوتیں اکٹھی ہوکر ملک کو اس بھنور سے نکالیں۔