حرمین شریفین میں زائرین کی سہولت کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال

image

حرمین شریفین میں فتویٰ روبوٹ تعینات کرنے کا فیصلہ، فتویٰ روبوٹس 11 مختلف زبانوں میں زائرین کو فتوے اور دیگر مسائل کا حل دریافت کرنے میں معاون ثابت ہوں گے، رمضان شریف کے آخری عشرے کے دوران حرمین شریفین میں زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔ 

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران زائرین کی سہولت کیلئے فتویٰ روبورٹس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسجد الحرام میں تیز رفتار وائی فائی سسٹم سے لیس چلتے پھرتے فتویٰ روبورٹس تعینات کیے جائیں گے۔ یہ روبوٹ اردو سمیت 11 مختلف زبانوں میں زائرین کو فتوے اور دیگر مسائل کا حل فراہم کریں گے۔ 

حرمین شریفین انتظامیہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات کرتی رہتی ہے۔ رواں سال سعودی حکومت زائرین کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کر رہی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ہر سال رمضان المبارک میں بالخصوص آخری عشرے میں حرمین شریفین میں زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔ 

سعودی عرب کے ادارہ امور حرمین شریفین میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کی نسبت سے زائرین کے مسائل کے فوری حل کیلئے مختلف مقامات پر کاؤنٹر اور کیبنز بھی بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انتظامیہ نے دینی معاملات کے بارے میں دریافت کرنے کیلئے ایک ٹول فری نمبر بھی مخصوص کر دیا ہے۔ اس نمبر پر کسی بھی وقت اپنا مسئلہ اور اس کا حل دریافت کرنے کیلئے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔