اسرائیل پر داغے گئے ایرانی میزائلوں کو گرانے میں مغربی اتحادی سرگرم

image
"اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنانا امریکی کمٹمنٹ کا حصہ، امریکا نے ایرانی حملے سے پہلے ہی اچھا خاصا بلڈ اپ کر دیا تھا،" اسرائیل پر داغے جانے والے ایرانی میزائل اور ڈرونز عراق اور شام کی فضائی حدود میں مار گرانے میں امریکا اور برطانیہ نے بھرپور کردار ادا کیا۔
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اسرائیل پر میزائل اور ڈرونز کی مدد سے کئے جانے والے ایرانی حملے کو عراق اور شام کی فضائی حدود میں روکنے میں امریکا اور برطانیہ نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ اسرائیل کے مغربی اتحادیوں کے علاوہ اردن کی فضائیہ نے بھی درجنوں ایرانی میزائل مار گرائے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرنا امریکی کمٹمنٹ کا حصہ ہے۔ برطانیہ کی رائل ایئر فورس نے بھی اسرائیلی سلامتی یقینی بنانے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے بتایا ہے کہ امریکا نے ایرانی حملے سے پہلے ہی اچھا خاصا بلڈ اپ کر دیا تھا۔ کمک بروقت پہنچائے جانے سے ایرانی حملہ ناکام بنانے میں کلیدی مدد ملی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اِسی ہفتے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل ایرک کُریلا کو اسرائیل بھیجا تھا تاکہ وہ اسرائیلی جرنیلوں کے ساتھ مل کر ممکنہ ایرانی حملے سے مؤثر دفاع کی جامع اور کارگر حکمتِ عملی تیار کریں۔ برطانوی اخبار گارجین نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر چند ہفتوں کے دوران امریکی فوج نے میزائل شکن میکنزم خطے میں پہنچا دیا تھا۔ اس حوالے سے فیصلے بروقت کیے گئے اور یوں اسرائیل کا تحفظ یقینی بنانے میں فیصلہ کن مدد ملی۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ ایران کی طرف سے اسرائیل پر داغے جانے والے میزائلوں کو اردن کی فضا میں مار گرانے کے حوالے سے اردنی فضائیہ نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اردنی فضائیہ نے دریائے اردن کے مشرقی کنارے پر اور عراق و شام کی سرحد سے ملحق علاقے میں ایرانی میزائل مار گرائے۔
گارجین کے مطابق اب امریکی حکام اس امر کیلئے کوشاں ہیں کہ اسرائیل کو ایران کے خلاف کچھ بھی ایسا کرنے سے باز رکھا جائے جس کے نتیجے میں کسی علاقائی جنگ کے چھڑنے کا اندیشہ ہو۔ اسرائیل کو کنٹرول کرنے کا دارومدار اس بات پر ہوگا کہ ایرانی حملے میں اسرائیل کا کتنا جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تہران میں سینکڑوں ایرانی شہری اسرائیل پر حملے کی خوشی منانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے اور ’ڈیتھ ٹو اسرائیل‘ اور ’ڈیتھ ٹو امریکا‘ کا نعرہ لگایا۔