برطانیہ میں اسکونت اختیار کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے پریشان کن خبر

image

نئے قواعد کے تحت ہنر مند اور فیملی ویزا پر برطانیہ آنے والوں کیلئے کم از کم تنخواہ کی شرط میں اضافہ، کم از کم تنخواہ کی حد ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر اور ٹیچرز وغیرہ پر لاگو نہیں ہوگی، فیملی ویزا کیلئے بھی کم از کم تنخواہ کی حد 18 ہزار 600 سے بڑھا کر 29 ہزار پاؤنڈ کی گئی ہے۔

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت کی جانب سے ایمیگریشن پالیسی میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ نئے قواعد و ضوابط کا مقصد برطانیہ میں آنے والے افراد کی تعداد کو محدود کرنا ہے۔ نئے قواعد کے تحت ہنر مند اور فیملی ویزا پر برطانیہ آنے والوں کیلئے کم از کم تنخواہ کی شرط میں اضافہ کیا گیا ہے۔

اسکلڈ ورکرز کے برطانوی ویزا کیلئے تنخواہ کی حد 26 ہزار 200 سے بڑھا کر 38 ہزار 700 پاؤنڈ کی گئی ہے تاہم کم از کم تنخواہ کی حد ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر اور ٹیچرز وغیرہ پر لاگو نہیں ہوگی۔ نئے قواعد کے تحت سوشل کیئر کے شعبے میں کام کرنے والے افراد اب زیرِ کفالت افراد کو برطانیہ نہیں لا سکیں گے۔ برطانوی حکومت کی جانب سے فیملی ویزا کیلئے بھی کم از کم تنخواہ کی حد 18 ہزار 600 سے بڑھا کر 29 ہزار پاؤنڈ کی گئی ہے۔

فیملی ویزا کیلئے کم از کم تنخواہ کی حد کو 2025ء تک پہلے 34 ہزار 500 اور پھر 38 ہزار 700 پاؤنڈ کر دیا جائے گا تاہم فیملی ویزا پر مقیم افراد پر ویزا کی تجدید کے وقت نئے قواعد کا اطلاق نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ برطانوی ہوم سیکریٹری جیمز کلیورلی کی جانب سے امیگریشن میں کمی کیلئے دسمبر 2023ء میں نئے قواعد کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ 2022ء میں 74 ہزار 500 افراد برطانیہ میں آئے تھے۔