سندھ حکومت نے میرپور خاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا

image

پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی گفتگو، اس اقدام سے اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، سندھ بھر میں پیپلز بس سروس کے آغاز سے عوام کو انقلابی ریلیف ملے گا۔

میرپور خاص: (نیوز ڈیسک) سندھ حکومت نے میرپور خاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت ایک اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال دایو نے خصوصی شرکت کی۔ 

اجلاس میں پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ پنک بس سروس کے نئے روٹس کا افتتاح 19 اپریل کو کیا جائے گا۔ دوران اجلاس ریڈ لائن، بی آر ٹی، گرین لائن اور ییلو لائن پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کیش لیس آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن سمارٹ کارڈ 25 اپریل سے لانچ کیا جائے گا۔ 

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کے یہ منصوبے جلد پایہء تکمیل تک پہنچائے جائیں گے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف دیا جا سکے۔