خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری اخراجات کم کرنے کیلئے اہم اقدام

image

خیبرپختونخوا حکومت نے سابق وزرائے اعلیٰ کا پروٹوکول ختم کر دیا، محکمہ اسٹیبلشمنٹ نے اعلامیہ جاری کر دیا، سابق وزرائےاعلیٰ سے سیکرٹریز کی خدمات واپس لے لیں گئی ہیں۔

پشاور: (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخواہ حکومت نے حکومتی اخراجات کی کمی کیلئے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ صوبائی حکومت نے سابق وزرائے اعلیٰ کا پروٹوکول ختم کر دیا، اس حوالے سے محکمہ اسٹیبلشمنٹ نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ خیبرپختونخواہ حکومت نے سابق وزرائے اعلیٰ سے سیکرٹریز کی خدمات بھی واپس لے لی ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت نے سابق وزراء کا پروٹوکول ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ 8 مارچ کو کابینہ اجلاس میں سابق وزرائے اعلیٰ کا پروٹوکول ختم کرنے کی منظوری بھی لی گئی تھی۔ سابق وزیرِاعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کے سیکریٹری خادم حسین کو اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اسی طرح پرویز خٹک کے سیکریٹری علی حسین قریشی کو محکمہ تعلیم میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سابق وزیرِاعلیٰ سردار مہتاب احمد خان کے سیکریٹری عبیداللہ سلیم کو اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعنیات کر دیا گیا ہے۔ 

سابق وزیرِاعلیٰ پیر صابر شاہ کے سیکریٹری سید حارث شاہ کو محکمہ آبپاشی رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی جبکہ سابق وزیرِاعلیٰ محمود خان کو نظر انداز کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ 2007ء کے بعد وزیرِاعلیٰ کے پروٹوکول میں کافی اضافہ کیا گیا تھا۔ ایک ڈرائیور، 8 گن مین، گریڈ 17 کا پی ایس وزیرِاعلیٰ کے پاس تاحیات تعینات رہتا تھا، اس فیصلے کے بعد 7 ڈرائیور، 56 گن مین اور7 افسران واپس ہو گئے ہیں۔