عمان میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی

image

 

سیلابی پانی سے سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، گاڑیاں بہہ جانے سے اسکول کے بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق ہو گئے، وزارتِ تعلیم نے سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاطاً بیشتر علاقوں میں اسکول بند کر دیے ہیں۔

مسقط: (ویب ڈیسک) عمان میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ سیلاب کے باعث متعدد سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں۔ گاڑیاں بہہ جانے سے اسکول کے بچوں سمیت 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اتوار کو عمان میں شروع ہونے والی تیز ہواؤں اور پھر موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔ مسلسل بارش کی وجہ سے عمان کے شمال اور مشرق کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔

خلیجی خبر رساں ایجنسی نے اتوار کو ابتدائی طور پر اطلاع دی تھی کہ سیلابی ریلے میں گاڑیاں بہہ جانے سے اسکول کے 9 بچے اور 3 دیگر افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے  تھے۔ ملک کے شمال مشرق میں آنے والے سیلاب میں 5 افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع تھی تاہم عمان نیوز ایجنسی نے پیر کو ایک بچے اور مزید 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق منگل تک عمان میں سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

پیر کو وزارتِ تعلیم نے سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاط کے طور پر بیشتر علاقوں میں اسکول بند کر دیے تھے اور حکام نے لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔ دبئی اور ابوظہبی میں طوفانی بارشیں پیر کی رات سے جاری ہیں جبکہ نئی ایڈوائزری میں بارش، آسمانی بجلی اور اولے پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔